ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوم آزادی پر سیاہ پرچم لہرانے والے غدار ہیں: دنیش گنڈو راؤ

یوم آزادی پر سیاہ پرچم لہرانے والے غدار ہیں: دنیش گنڈو راؤ

Mon, 22 Aug 2016 20:49:59    S.O. News Service

بنگلورو22؍اگست(ایس او نیوز)بی جے پی قومیت کو اپنی جاگیر قرار دینے کی کوشش کررہی ہے۔ حب الوطنی کا درس اس ملک کے عوام کو یا کانگریس کو بی جے پی سے لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بات آج کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہی۔ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ صرف وہی محب وطن ہے اور باقی سب کے سب غدار ہیں۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جہد آزادی میں کلیدی رول کانگریس کا رہا اور سنگھ پریوار کے لوگ انگریز حکومت کی غلامی تسلیم کرچکے تھے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے جلسے میں فوج کے خلاف نعرہ بازی کے بارے میں دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ ایمنسٹی کی طرف سے اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو مرکزی حکومت اس کے خلاف کارروائی کرے ۔ ریاستی حکومت اس کی مخالفت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایمنسی کے پروگرام میں متنازعہ نعرہ بازی کے سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر درج کیا ہے، اس سلسلے میں اب تک کوئی واضح ثبوت نہیں ملا ہے۔ بی جے پی اور اے بی وی پی کو سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے کی بجائے ثبوت تلاش کرنے میں پولیس کی مدد کرنی چاہئے۔ قومیت اور حب الوطنی کو حساس معاملات قرار دیتے ہوئے دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ اتنی آسانی سے کسی کو بھی غدار قرار دیا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ اس بار یوم آزادی کے موقع پر ہندو مہا سبھا نے یوم سیاہ منایا ، بی جے پی اسے غدار قرار کیوں نہیں دیتی؟ یوم آزادی کے موقع پر آر ایس ایس کے دفتر میں 2002 تک ترنگا لہرایا نہیں گیا۔اس پر بی جے پی کا کیا تبصرہ ہے؟ پہلے ان سوالات کا جواب دیں اور بعد میں حب الوطنی پر بیان بازی کریں۔ دنیش گنڈو راؤ نے واضح کیا کہ وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو کوئی کلین چٹ نہیں دی ہے۔ تحقیقات کے مراحل میں اس کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، پولیس کمشنر نے بھی یہی وضاحت کی ہے۔ بی جے پی کو ایک فاسسٹ سیاسی قوت قرار دیتے ہوئے دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ بی جے پی کا ماننا ہے کہ وہ جو چاہتی ہے سب لوگ وہیں کریں۔ ہمارے ملک میں ایسا ہرگز ہونے والا نہیں ہے۔ملک کی ہمہ گیر تہذیب کے خلاف موقف رکھنے والی بی جے پی ملک کے ٹکڑے کرنا چاہتی ہے۔ سیاسی مقاصد کیلئے وہ کمسن ذہنوں کو مکدر کررہی ہے، طلبا کو اس کے شیطانی منصوبوں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔ رمیہ کی طرف سے پاکستانی عوام کی تعریف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ کسی ملک کے عوام کی تعریف کرنا ملک سے غداری سمجھنا غلطی ہے۔ 


Share: